سورة الانعام - آیت 160

مَن جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا ۖ وَمَن جَاءَ بِالسَّيِّئَةِ فَلَا يُجْزَىٰ إِلَّا مِثْلَهَا وَهُمْ لَا يُظْلَمُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

جس نے نیکی کی ، اس کے لئے دس گنا ہے اور جس نے بدی کی ، وہ صرف بدی کے برابر سزا پائے گا اور ان پر ظلم نہ ہوگا ۔ (ف ١)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(159) گذشتہ آیت میں اللہ تعالیٰ کے اوامر کی مخالفت کرنے والوں کو دھمکی دی گئی ہے، اسی لیے اب اللہ کی اطاعت کرنے والوں کے لیے اجر عظیم بیان کیا جا رہا ہے اور یہ اجر انہیں قیامت کے دن ملے گا، اور یہاں کم ازکم اجر مراد ہے، اس لیے کہ احادیث میں بعض اعمال کا اجر ستر گنا اور بعض کا سات گنا اور بعض کا بے حساب بتایا گیا ہے۔ امام احمد اور مسلم نے ابو ذر (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا : اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ جو نیکی کرے گا اسے دس گنا یا زیادہ اجر ملے گا، اور جو برائی کرے گا، اسے ویسے ہی ملے گا یا میں اسے معاف کر دوں گا۔، اور جو مجھ سے بالشت قریب ہوگا میں میں اس سے دونوں ہاتھوں کی لمبائی کے برابر قریب ہوں گا، اور جو میری طرف چل کر آئے گا میں اس کی طرف دوڑ کر آؤں گا۔ الحدیث۔