سورة الانعام - آیت 142

وَمِنَ الْأَنْعَامِ حَمُولَةً وَفَرْشًا ۚ كُلُوا مِمَّا رَزَقَكُمُ اللَّهُ وَلَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِينٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور پیدا کئے چوپاؤں میں محض بوجھ اٹھانے والے اور بعض زمین سے لگے ہوئے ، جو اللہ نے تمہیں رزق دیا کھاؤ اور شیطان کے نقش قدم پر نہ چلو ، وہ صریح تمہارا دشمن ہے ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(142) اس کا تعلق اوپر کی آیت سے ہے، اس میں اللہ تعالیٰ نے جانوروں کی حلت وحرمت کے بارے میں مشر کین کے خود ساختہ احکام کی تر دید کی ہے جانورکئی قسم کے ہوتے ہیں، بعض بوجھ اٹھاتے ہیں اور بعض کو ذبح کرنے کے لیے زمین پر لٹا دیا جاتا ہے، "فرش" کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس کے بال اور اون سے بستر تیار کیا جاتا ہے، ابن عباس رضی للہ عنہ کے نزدیک "حمولۃ" سے مراد وہ بڑتے جانور ہیں جو بار برداری کے لیے ہوتے ہیں، اور : فرش" سے مراد چھوٹے چھوٹے جانور ہیں جن کا گوشت کھایا جاتا ہے۔ اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ جس نے انواع واقسام کے پھل، زرعی پیداوار اور جانور تمہیں بطور رزق دیئے ہیں، انہیں تم اپنے جسم وجان کی حفاظت کے لیے کھاؤ اور دیکھو، ان کی حلت وحرمت کے بارے میں شیطان کے اوامرو احکام کی اتباع نہ کرو، اس لیے کہ وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔