سورة الانعام - آیت 111

وَلَوْ أَنَّنَا نَزَّلْنَا إِلَيْهِمُ الْمَلَائِكَةَ وَكَلَّمَهُمُ الْمَوْتَىٰ وَحَشَرْنَا عَلَيْهِمْ كُلَّ شَيْءٍ قُبُلًا مَّا كَانُوا لِيُؤْمِنُوا إِلَّا أَن يَشَاءَ اللَّهُ وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَهُمْ يَجْهَلُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور اگر ہم ان کی طرف فرشتے نازل کریں ، اور ان سے مردے باتیں کریں اور ہم ہر شئے کو ان کے سامنے جلا کر کے کھڑا کریں ، تو بھی وہ ہرگز ایمان نہ لائیں گے ، جب تک کہ خدا نہ چاہے لیکن ان میں اکثر لوگ نادان ہیں (ف ١) ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(108) مشرکین مکہ قسمیں کھاکھا کر کہتے تھے کہ اب جو ہم نے نشانی مانگی ہے اگر آگئی تو ایمان لے آئیں گے، اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے ان کی بہت ہی شدت کے ساتھ تکذیب کی ہے کہ یہ لوگ ایک نشانی کی بات کرتے ہیں، اگر ہم ان کے پاس فرشتے بھی بھیج دیں جیسا کہ وہ اس سے پہلے مطالبہ کرچکے ہیں کہ (الفرقان :21)، اور قبروں سے مردے اٹھ کر ان سے بات بھی کرنے لگیں، جیسا کہ وہ اس سے پہلے سوال کرچکے ہیں کہ (الدخان :36) ان کے سامنے دنیا کے تمام حیوانات، نبا تات اور جمادات کو بطور نشانی جمع کردیں تو بھی یہ لوگ اپنے تمرد اور سر کشی کی وجہ سے ایمان نہیں لائیں گےہاں اگر اللہ چاہے گا تو ایمان لے آئیں، لیکن اکثر لوگ نادان ہیں، جانتے نہیں کہ ایمان کی دولت اللہ کی مشیت سے ملتی ہے، خلاف عادت نشانیوں کے ظہور سے نہیں، علا مہ قاشانی نے لکھا ہے کہ ایسے ایمان کا اللہ کے نزدیک اعتبار بھی نہیں جو عادات کے خلاف نشانیوں کو دیکھ کر لا یا جائے ،