سورة المآئدہ - آیت 104

وَإِذَا قِيلَ لَهُمْ تَعَالَوْا إِلَىٰ مَا أَنزَلَ اللَّهُ وَإِلَى الرَّسُولِ قَالُوا حَسْبُنَا مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا ۚ أَوَلَوْ كَانَ آبَاؤُهُمْ لَا يَعْلَمُونَ شَيْئًا وَلَا يَهْتَدُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ جو اللہ نے نازل کیا ہے اس کی طرف اور رسول کی طرف آؤ تو کہتے ہیں کہ جس بات پر ہم نے اپنے باپ دادوں کو پایا ہے وہی ہمیں کافی ہے ، بھلا اگر ان باپ دادا نہ کچھ علم علم رکھتے ہوں اور نہ راہ جانتے ہو تو بھی ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(129) جو مشرکین مختلف شرکیہ اعمال میں مبتلاء تھے، ان سے جب کہا جاتا کہ تم لوگ اپنے باپ دادوں کی تقلید چھوڑدو جنہوں نے اللہ کے بارے میں افترا پردازی سے کام لیا تھا اور اللہ اور اس کے رسول جو کہتے ہیں اس پر عمل کرو، تو وہ فورا بول اٹھتے کہ ہم تو اپنے باپ دادوں ہی کی تقلید کریں گے اس کا جواب اللہ نے دیا کہ کیا باپ دادوں کی تقلید ان کے لیے کافی ہوگی چاہے ان کے وہ باپ دادے حق کو جانتے اور پہچانتے نہ ہوں۔