لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ وَلَٰكِن يُؤَاخِذُكُم بِمَا عَقَّدتُّمُ الْأَيْمَانَ ۖ فَكَفَّارَتُهُ إِطْعَامُ عَشَرَةِ مَسَاكِينَ مِنْ أَوْسَطِ مَا تُطْعِمُونَ أَهْلِيكُمْ أَوْ كِسْوَتُهُمْ أَوْ تَحْرِيرُ رَقَبَةٍ ۖ فَمَن لَّمْ يَجِدْ فَصِيَامُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ ۚ ذَٰلِكَ كَفَّارَةُ أَيْمَانِكُمْ إِذَا حَلَفْتُمْ ۚ وَاحْفَظُوا أَيْمَانَكُمْ ۚ كَذَٰلِكَ يُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمْ آيَاتِهِ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ
خدا تم کو تمہاری بےفائدہ قسموں پر نہ پکڑے گا لیکن تم کو تمہاری ان قسموں پر پکڑے گا جن کو تم نے مضبوط باندھ لیا (ف ٣) پس پکی قسموں کا کفارہ دس محتاجوں کو کھلانا ہے اوسط درجہ کا کھانا جو تم اپنے گھر والوں کو کھلاتے ہو یا اس کا کفارہ انکو کپڑا دینا ہے یا غلام آزاد کرنا پھر جو کوئی نہ پائے وہ تین روز روزہ رکھے ، یہ تمہاری قسموں کا کفارہ ہے ، جب تم قسم کھا بیٹھو اور اپنی قسموں کی حفاظت کرو اللہ یوں تمہیں اپنی آیتیں بتاتا ہے شاید کہ تم شکر و ۔
(110) ابن جریر نے ابن عباس (رض) سے روایت کیا ہے کہ جب یہ آیت İ يا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لا تُحَرِّمُوا طَيِّباتِ مَا أَحَلَّ اللَّهُ لَكُمْ Ĭ نازل ہوئی تو جن صحابہ کرام نے اپنے لئے عورت اور گوشت کو حرام بنا لیا تھا انہوں نے رسول اللہ (ﷺ) سے پوچھا کہ ہم لوگ اس بارے میں اپنی قسموں کا کیا کریں ؟ تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی، اور لغو قسم اور دل سے کھائی ہوئی قسم کا حکم بیان فرمایا۔ یہ آیت دلیل ہے کہ لغو قسم پر اللہ تعالیٰ مواخذہ نہیں کرے گا، اور نہ ہی اس کا کفارہ ہے، لغو قسم وہ ہے جسے آدمی بغیر کسی نیت کے یو نہی زبان پر بطور عادت لاتا رہتا ہے جیسے کوئی کہے : اللہ کی قسم، رب کی قسم، اپنے پیدا کرنے والے کی قسم اس کی کوئی نیت نہیں ہوتی لیکن اگر کوئی شخص کسی بات پردل کی نیت کے ساتھ قسم کھاتا ہے اور اسے پوری نہیں کرتا، تو اسے اس کا کفارہ ادا کرناہو گا، جیسا کہ قرآن کریم میں اس کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔ دس مسکینوں کو کھانا کھلانے کی تحدید کے بارے میں صحابہ اور تابعین کے کئی اقوال ہیں : علی بن ابی طالب (رض) کا قول ہے کہ دوپہر اور رات دونوں وقت کا کھانا کھلانا ہوگا، حسن بصری اور محمد بن قاسم الحنفیہ کہتے ہیں کہ صرف ایک بار روٹی اور گوشت کھلانا کافی ہوگا، عمر، عائشہ اور بعض تابعین کا خیال ہے کہ ایک آدمی کو نصف صاع ( تقریبا سوا کیلو) گیہوں یا کھجور دینا کافی ہوگا، چونکہ آیت میں اس کی کوئی تحدید نہیں ہے اس لئے راجح یہی معلوم ہوتا ہے کہ دس مسکینوں کو پیٹ بھر کھانا کھلادینا کافی ہوگا، اسی طرح لباس کی بھی تحدید نہیں آئی ہے اس لئے وقت اور حالات کے مطابق رائج لباس دینا کافی ہوگا غلام یا لو نڈی کے بارے میں ابو حنیفہ کا قول ہے کہ مسلم اور کافر کوئی بھی کافی ہوگا، لیکن شافعی اور دوسروں کا خیال ہے کہ مسلمان ہونا ضروری ہے، جیسا کہ معاویہ بن الحکم السلمی کی روایت میں آیا ہے، جسے مسلم اور امام مالک وغیرہ نے ذکر کیا ہے کہ انہیں ایک غلام آزاد کرنا تھا، وہ ایک لونڈی لے کر آئے تو رسول اللہ (ﷺ) نے اس سے پوچھا کہ اللہ کہاں ہے ؟ اس نے کہا : آسمان میں پھر پوچھا میں کون ہوں ؟ تو اس نے کہا کہ آپ اللہ کے رسول ہیں۔ تو آپ نے فرمایا کہ اسے آزاد کردو، یہ مسلمان ہے۔ (111) اس میں دلیل ہے کہ قسم نہ توڑنا افضل ہے، الایہ کہ قسم توڑدینے میں کوئی زیادہ بڑی بھلائی ہو۔