سورة المآئدہ - آیت 63

لَوْلَا يَنْهَاهُمُ الرَّبَّانِيُّونَ وَالْأَحْبَارُ عَن قَوْلِهِمُ الْإِثْمَ وَأَكْلِهِمُ السُّحْتَ ۚ لَبِئْسَ مَا كَانُوا يَصْنَعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

ان کے درویش اور ملا انکو گناہ کی بات بولنے اور حرام کھانے سے کیوں منع نہیں کرتے ، کیا برے کام ہیں جو وہ کر رہے ہیں (ف ٢)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

86۔ ابن جریر نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ قرآن کریم میں ڈانٹ اور پھٹکار سے متعلق اس سے زیادہ شدید کوئی آیت نہیں ہے، ابن ابی حاتم نے یحیی بن معمر سے روایت کی ہے کہ علی بن ابی طالب (رض) نے خطبہ میں کہا کہ اے لوگو ! تم سے پہلے کے لوگ ارتکاب معاصی کی وجہ سے ہلاک ہوگئے، جب وہ گناہوں میں آگے بڑھتے گئے، اور ان کے علماء و ارباب حل و عقد نے انہیں نہیں روکا، تو وہ اللہ کی گرفت میں آگئے، اس لیے تم لوگ بھلائی کا حکم دو اور برائی سے روکو قبل اس کے کہ تمہارا انجام وہی ہو جو ان کا ہوا