وَلَقَدْ أَخَذَ اللَّهُ مِيثَاقَ بَنِي إِسْرَائِيلَ وَبَعَثْنَا مِنْهُمُ اثْنَيْ عَشَرَ نَقِيبًا ۖ وَقَالَ اللَّهُ إِنِّي مَعَكُمْ ۖ لَئِنْ أَقَمْتُمُ الصَّلَاةَ وَآتَيْتُمُ الزَّكَاةَ وَآمَنتُم بِرُسُلِي وَعَزَّرْتُمُوهُمْ وَأَقْرَضْتُمُ اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا لَّأُكَفِّرَنَّ عَنكُمْ سَيِّئَاتِكُمْ وَلَأُدْخِلَنَّكُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ ۚ فَمَن كَفَرَ بَعْدَ ذَٰلِكَ مِنكُمْ فَقَدْ ضَلَّ سَوَاءَ السَّبِيلِ
اللہ بنی اسرائیل سے عہد (ف ٢) لے چکا ہے اور ہم نے ان میں بارہ سردار اٹھائے اور اللہ نے کہا کہ میں تمہاری ساتھ ہوں اگر تم نماز پڑھو اور زکوۃ دو اور میرے رسولوں کو مانو اور ان کی مدد کرو اور خدا کو قرض حسنہ دو تو میں تم سے تمہاری بدیاں دور کر دوں گا اور تمہیں ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں ، پھر اس کے بعد جو کوئی تم میں کافر ہوگا ‘ وہ بےشک سیدھی راہ سے بھول گیا ۔
32۔ اس آیت کریمہ میں بنی اسرائیل کی بعض خیانتوں اور نقض میثاق کا ذکر کیا گیا ہے، اور مقصود مؤمنوں کو تنبیہ کرنی ہے کہ اللہ نے ان سے جو عہد و میثاق لیا ہے، اس کا پاس رکھیں، اور جس طرح بنی اسرائیل نے ان سے لیے گئے مواثیق کو توڑ دیا اس طرح نہ کریں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم سے موسیٰ (علیہ السلام) نے بنی اسرائیل کے بارہ قبائل سے بارہ نمائندے چنے اور انہیں قوم جبارین کا حال اور ان کی قوت و شوکت کا اندازہ کرنے کے لیے بھیجا، جب وہاں پہنچے تو دیکھا کہ وہ بہت ہی عظیم قوت کے مالک ہیں، اور ان کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے آپس میں طے کرلیا کہ بنی اسرائیل کو یہ بات نہیں بتائیں گے، صرف موسیٰ (علیہ السلام) کو بتائیں گے، لیکن واپس آنے کے بعد ان میں سے دس نے خیانت کی اور اپنے اپنے رشتہ داروں کو بتادیا اور خبر پھیل گئی اور ان سے جنگ کرنے کا معاملہ سرد خانے میں پڑگیا، اور بنی اسرائیل نے موسیٰ (علیہ السلام) سے کہا کہ تم اور تمہارا رب جا کر ان سے لڑے۔ حافظ ابن کثیر نے آیت کی تفسیر میں نقیب کا معنی عریف کیا ہے۔ یعنی موسیٰ (علیہ السلام) نے اللہ تعالی کے حکم سے بنی اسرائیل کے بارہوں قبائل سے بارہ عریف چنا اور انہیں حکم دیا کہ وہ اپنے اپنے قبیلہ کے لوگوں سے اللہ، اس کے رسول اور اس کی کتاب کی اطاعت کی بیعت لیں۔ اس کے بعد لکھا ہے کہ ابتدائے اسلام میں مکہ مکرمہ میں عقبہ کی رات میں جب رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) نے انصار سے بیعت لی تو ان کی تعداد بھی بارہ تھی تین قبیلہ اوس کے اور نو خزرج کے تھے، انہی لوگوں نے مدینہ آ کر رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ) کے لیے لوگوں سے بیعت لی تھی۔ اور امام بخاری و مسلم نے جابر بن سمرہ (رض) سے ایک حدیث روایت کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ خلفائے اسلام کی تعداد بھی بارہ ہوگی، لیکن یہ وہ بارہ ائمہ نہیں ہوں گے جن کا رافضی شیعہ باطل اعتقاد رکھتے ہیں جس کی کوئی دلیل قرآن و سنت میں موجود نہیں ہے۔ 33۔ اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل سے کہا کہ اگر تم نماز پڑھو گے، زکاۃ دو گے، میرے رسولوں پر ایمان لے آؤ گے ان کا ساتھ دو گے، اور فرض زکاۃ کے علاوہ اپنے مال سے اللہ کی راہ میں خرچ کرو گے تو میری نصرت و حمایت تمہارے ساتھ ہوگی، نیز میں تمہارے گناہوں کو معاف کردوں گا، اور تمہیں جنتوں میں داخل کروں گا۔