سورة العلق - آیت 19
كَلَّا لَا تُطِعْهُ وَاسْجُدْ وَاقْتَرِب ۩
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
ہرگز نہیں ، تو اس کی نہ مان اور سجدہ کر اور قریب ہو۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(19)اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) بطور تنبیہ فرمایا کہ آپ ابوجہل کی بات ہرگز نہ مانئے اور مسجد حرام میں نماز پڑھتے رہئے اور دیگر عبادات کے ذریعہ اپنے رب کی قربت حاصل کرتے رہئے۔ صحیح مسلم میں ابوہریرہ (رض) سے مروی ہے، رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا :” بندہ اپنے رب سے سب سے زیادہ قریب حالت سجدہ میں ہوتا ہے، اس لئے تم لوگ سجدہ میں کثرت سے دعا کرو“ نیز صحیح مسلم میں ہی ابوہریرہ رضی اللہ کی دوسری روایت ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے رسول اللہ (ﷺ) کے ساتھ ﴿اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ Ĭ اور ﴿إِذَا السَّمَاءُ انشَقَّتْĬ میں سجدہ کیا اسی لئے امام شافعی کے نزدیک اس سورت کا سجدہ اہم سجدوں میں سے ہے اور قاری اور سننے والے کے لئے اس کی قرأت کے بعد سجدہ کرنا مسنون ہے۔