سورة المزمل - آیت 6

إِنَّ نَاشِئَةَ اللَّيْلِ هِيَ أَشَدُّ وَطْئًا وَأَقْوَمُ قِيلًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

بے شک رات کا اٹھنا نفس کو سخت مجلنے والا اور قول کو زیادہ درست کرنے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(6) اس آیت کریمہ میں قیام اللیل اور اس میں قرآن کریم کی پرسکون اندازمیں قرأت کا فائدہ بتایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) سے فرمایا کہ آپ رات کے وقت نماز پڑھئے اور اس میں قرآن کی تلاوت کیجیے اس لئے کہ رات کے وقت ماحول پرسکون ہوتا ہے، مخلوق سوئی ہوتی ہے اور ساری آوازیں خاموش ہوتی ہیں، اس وقت کان، آنکھ، دل اور زبان کے درمیان پورا توافق ہوتا ہے۔ اس لئے ایسے وقت میں جب آپ نماز کے لئے اپنے رب کے سامنے کھڑے ہو کر قرآن کی تلاوت کیجیے گا تو آپ کی قرأت زیادہ حضور قلب کے ساتھ ہوگی اور آپ کے دل و دماغ پر اس کا گہرا اثر پڑے گا۔ حافظ سیوطی نے جاحظ سے اس آیت کا مفہوم یہ نقل کیا ہے کہ ” ﴿ نَاشِئَةَ اللَّيْلِ Ĭ “ سے مراد وہ معانی و مطالب ہیں جو تہجد کی نماز میں قرآن کی تلاوت سے دل پر منکشف ہوتے ہیں، وہ مطالب و معانی زیادہ صحیح ہوتے ہیں اور ان کا اثر آدمی پر زیادہ واضح ہوتا ہے۔