سورة الجن - آیت 19
وَأَنَّهُ لَمَّا قَامَ عَبْدُ اللَّهِ يَدْعُوهُ كَادُوا يَكُونُونَ عَلَيْهِ لِبَدًا
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور یہ کہ جب اللہ کا بندہ اس کو پکارنے کھڑا ہوا تو قریب تھا کہ وہ لوگ (یاجن) اس پر ٹھٹھہ (ف 3) کے ٹھٹھہ گر پڑیں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(19) اور اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجیے کہ مجھ پر یہ وحی بھی نازل ہوئی ہے کہ جب اللہ کے بندے اور رسول محمد (ﷺ) بطن نخلہ میں کھڑے ہو کر اپنے رب کی عبادت کرنے لگے، یعنی نماز پڑھنے لگے تو ان کا طرز عبادت دیکھ کر اور قرآن کریم کی تلاوت سے متاثر ہو کر جن ان کے اردگرد ٹوٹ پڑے اور شدید ازدحام پیدا کردیا۔ بعض مفسرین نے آیت کی تفسیر یہ بیان کی ہے کہ جب نبی کریم (ﷺ) مشرکین مکہ کے طریقہ عبادت کے خلاف صرف ایک اللہ کی بندگی کرنے لگے تو مشرکین مکہ آپ کی عداوت میں جب آپ کو نماز پڑھتے دیکھتے، آپ کے اردگرد جمع ہو کر ایذاء پہنچانے کی کوشش کرتے۔