وَإِنِّي كُلَّمَا دَعَوْتُهُمْ لِتَغْفِرَ لَهُمْ جَعَلُوا أَصَابِعَهُمْ فِي آذَانِهِمْ وَاسْتَغْشَوْا ثِيَابَهُمْ وَأَصَرُّوا وَاسْتَكْبَرُوا اسْتِكْبَارًا
اور جب کبھی بھی میں نے ان کو بلایا کہ انہیں بخشے تو انہوں نے اپنی کانوں میں انگلیاں ڈالیں اور اپنے کپڑوں میں لپٹ گئے اور ضد کی اور بڑا تکبر (ف 1) دکھلایا
(7)بلکہ میں نے جب بھی انہیں ایمان باللہ کی دعوت دی، تاکہ تو ان کی مغفرت فرما دے، تو ان کی نفرت اور ان کا استکبار بڑھتا ہی گیا اور انہوں نے اپنے کانوں میں اپنی انگلیاں ڈال لیں، تاکہ حق کی آواز کہیں ان پر اثر انداز نہ ہوجائے اور انہوں نے مجھ سے اور میری دعوت سے شدت نفرت کی وجہ سے اپنے چہروں پر کپڑے ڈال لئے، تاکہ مجھ پر ان کی نگاہ نہ پڑے اور انہوں نے محض عناد کی وجہ سے اپنے کفر و شرک پر اصرار کیا، اور استکبار میں آ کر حق کا انکار کردیا، یعنی میں نے جوں جوں اپنی دعوت تیز کردی ان کا شر بڑھتا گیا اور خیر کو قبول کرنے کی ان کی صلاحیت و قابلیت گھٹتی گئی۔