سورة الملك - آیت 20

أَمَّنْ هَٰذَا الَّذِي هُوَ جُندٌ لَّكُمْ يَنصُرُكُم مِّن دُونِ الرَّحْمَٰنِ ۚ إِنِ الْكَافِرُونَ إِلَّا فِي غُرُورٍ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

بھلا رحمٰن کے سوا وہ کون ہے جو تمہیں مدد دینے کو تمہاری فوج ہے ؟ کافر محض دھوکے میں ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(20)جو لوگ حق سے اعراض کرتے ہیں اور اللہ سے سرکشی کی راہ اختیار کرتے ہیں، ان سے بطور زجر و توبیخ کہا جا رہا ہے کہ اگر رحمٰن تمہیں کسی تکلیف میں مبتلا کرنا چاہے، تو اس کی ذات کے سوا کون ہے جو تمہاری مدد کرے اور اس مصیبت سےتمہیں نجات دلاوے حقیقت یہ ہے کہ شیطان نے کافروں کو دھوکہ میں ڈال رکھا ہے، اس نے ان کی نگاہوں میں اعمال شرک کو خوبصورت بنا دیا ہے اور اس فریب میں مبتلا کردیا ہے کہ مرنے کے بعد نہ کوئی دوسری زندگی ہے اور نہ حساب و کتاب اور اگر بالفرض کوئی دوسری زندگی ہوگی تو ان کے معبود اللہ کے حضور ان کے سفارشی بنیں گے اور انہیں نجات دلا دیں گے۔