سورة الحديد - آیت 2

لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

آسمانوں اور زمین کی سلطنت اسی کی ہے اور وہ زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور وہ ہر شئے پر قادر ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(2) آسمانوں اور زمین میں جتنی چیزیں پائی جاتی ہیں، ان سب کا مالک اللہ ہے، وہ جس طرح چاہتا ہے ان میں تصرف کرتا ہے، اس کے سوا کسی کی مرضی نہیں چلتی ہے۔ اس آیت کریمہ سے صوفیاء کے اس جھوٹے اور باطل عقیدہ کی تردید ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کی بادشاہی ان کے فرضی غوثوں اور قطبوں میں بانٹ دی ہے، اب وہی ان کائنات میں تصرف کرتے ہیں اور اللہ تو۔ العیاذ باللہ۔ تعطل کا شکار ہوگیا ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وہ جسے چاہتا ہے زندگی دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے مارتا ہے اور جسے چاہتا ہے اپنی مرضی کے مطابق جو چاہتا ہے عطا کرتا ہے وہ ہر چیز پر مکمل قدرت رکھتا ہے۔ یہ محال ہے کہ وہ کسی چیز کو چاہے اور وہ وجود میں نہ آئے۔ وہ کسی کو مارنا چاہے اور اسے موت نہ آئے، یا کسی کو زندہ رکھنا چاہے اور کوئی اسے مار دے۔