سورة الرحمن - آیت 56

فِيهِنَّ قَاصِرَاتُ الطَّرْفِ لَمْ يَطْمِثْهُنَّ إِنسٌ قَبْلَهُمْ وَلَا جَانٌّ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

ان باغوں میں نیچی نگاہ والی عورتیں ہیں ۔ ان بہشتیوں سے پہلے کوئی آدمی اور جن ہم بستر نہیں ہوا۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(22) اور ان دونوں میں ایسی حوریں ہوں گی جن کی نظریں ان کے شوہروں سے کبھی نہیں ہٹیں گی، یعنی ان کے شوہر انتہائی خوبصورت ہوں گے، جن سے غایت محبت کی وجہ سے انہیں دوسروں پر نگاہ ڈالنے کا خیال بھی ان کے دلوں میں نہیں آئے گا اور یہی حال ان کے شوہروں کا ہوگا، یعنی وہ بیویاں اتنی خوبصورت ہوں گی کہ ان کے شوہر ان سے غایت درجہ محبت کریں گے اور دوسری عورتوں پر نگاہ ڈالنے کا ان کے دل میں خیال بھی نہیں گذرے گا۔ اور ان بیویوں کی ایک صفت یہ بھی ہوگی کہ سب باکرہ ہوں گی، ان اہل جنت شوہروں سے پہلے کسی انسان یا جن نے ان کے ساتھ ہمبستری نہیں کی ہوگی۔ بعض مفسرین نے لکھا ہے کہ İلَمْ يَطْمِثْهُنَّ إِنْسٌ قَبْلَهُمْ وَلَا جَانٌّĬ میں اس طرف اشارہ ہے کہ وہ بیویاں مباشرت کے بعد ہر بار با کرہ ہوجایا کریں گی۔ شوکانی لکھتے ہیں کہ یہ آیت اور اس سورت کی بہت سی آیتیں دلیل ہیں کہ جو جن اللہ پر ایمان لائیں گے فرائض کی پابندی کریں گی اور گناہوں سے باز آئیں گے وہ جنت میں داخل ہوں گے