سورة الرحمن - آیت 54

مُتَّكِئِينَ عَلَىٰ فُرُشٍ بَطَائِنُهَا مِنْ إِسْتَبْرَقٍ ۚ وَجَنَى الْجَنَّتَيْنِ دَانٍ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اپنے بچھونوں پر تکیہ لگا کر بیٹھیں گے ۔ جن کے استرتافتے کے ہونگے اور دونوں باغوں (ف 2) کا میوہ جھک رہا ہوگا۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(21) اہل جنت کے بستروں کا وہ حصہ جو زمین سے لگا ہوا ہوگا جب وہ بیش بہا اور نازک ترین ریشم کا بنا ہوگا تو پھر اس کے ظاہری حصہ کا کیا عالم ہوگا سعید بن جبیر رحمہ اللہ سے پوچھا گیا کہ جب اہل جنت کے بستروں کا نچلا حصہ اعلیٰ ترین دیباج و حریر کا بنا ہوگا تو پھر ان کا ظاہری حصہ کیسا ہوگا ؟ تو انہوں نے کہا کہ سورۃ السجدہ آیت (17) İفَلَا تَعْلَمُ نَفْسٌ مَا أُخْفِيَ لَهُمْ مِنْ قُرَّةِ أَعْيُنٍĬ ” کوئی نفس نہیں جانتا جو کچھ ہم نے ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک ان کے لئے پوشیدہ کر رکھی ہے“ میں اللہ تعالیٰ نے اسی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ان دونوں جنتوں کے پھل ہر جنتی کے بالکل قریب ہوں گے کہا جاتا ہے کہ جنتی جب کوئی پھل توڑنا چاہے گا تو درخت اس کے قریب آجائے گا۔