يَسْأَلُهُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ كُلَّ يَوْمٍ هُوَ فِي شَأْنٍ
جو کوئی آسمانوں اور زمین میں ہے ۔ اسی سے مانگتے ہیں ۔ ہر روز وہ ایک نئی (ف 3) شان میں ہے۔
(13) آسمانوں اور زمین میں اللہ کی جتنی مخلوقات ہیں، سب اسی کے محتاج ہیں اور وہ ذات واحد غنی اور بے نیاز ہے، سب اس کی رحمت کی امید لگائے رہتے ہیں، اسی کو پکارتے ہیں، اسی کے سامنے دست سوال پھیلاتے ہیں اور وہی سب کے دامن مرادوں سے بھرتا ہے وہ قادر مطلق کائنات میں اپنی مشیت کے مطابق تصرف کرتا ہے، زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے روزی دیتا ہے اور فقیر بناتا ہے، عزت و ذلت دیتا ہے، بیماری اور شفا دیتا ہے کسی کو دیتا ہے اور کسی کو نہیں دیتا اور کسی کو معاف کرتا ہے اور کسی کو سزا دیتا ہے۔ علی ہذا القیاس اس آسمان و زمین میں اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کا حکم چلتا ہے وہی اپنے بندوں کی تمام ضرورتیں پوری کرتا ہے۔