سورة القمر - آیت 45
سَيُهْزَمُ الْجَمْعُ وَيُوَلُّونَ الدُّبُرَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
عنقریب یہ جتھا شکست کھائے گا اور پیٹھ پھیر کر بھاگیں گے۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ وہ میدان بدر میں بدترین شکست سے دوچار ہوئے اور کفر و شرک کے بڑے بڑے سرداران مسلمانوں کی تلواروں کے ذریعہ گاجر مولی کی طرح کاٹ دیئے گئے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ یہ آیت نبی کریم (ﷺ) کی صداقت کی دلیل ہے، اس لئے کہ یہ مکہ میں نازل ہوئی تھی، جس میں یہ غیبی خبر دی گئی تھی کہ کفار قریش کی شکست ہوگی اور وہ میدان جنگ چھوڑ کر بھاگیں گے اور اس کی تصدیق 2 ھ میں غزوہ بدر کے ذریعہ ہوئی۔ امام بخاری نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے کہ نبی کریم (ﷺ) نے میدان بدر میں پورے الحاح کے ساتھ اپنے رب سے مسلمانوں کی کامیابی کے لئے دعا کی، پھر اپنے خیمے سے جست لگا کر اس سورت کی یہی دونوں آیتیں پڑھتے ہوئے نکلے۔