سورة النجم - آیت 1

وَالنَّجْمِ إِذَا هَوَىٰ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

تارے کی قسم جب گرے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(1) پہلی آیت سے آیت (18) تک اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کی نبوت کی تصدیق و تائید فرمائی ہے اور اس کی ابتدا ان ستاروں کی قسم کھا کر کی ہے جو رات کے آخری پہر میں گرتے نظر آتے ہیں بعض لوگوں نے یہاں ” النجم“ سے مراد ” ثریا“ ستارہ لیا ہے، لیکن زیادہ تر مفسرین کی رائے ہے کہ اس سے عام ستارے مراد ہیں۔ اور نبی کریم (ﷺ) کی نبوت کی صداقت پر ستاروں کی قسم کھانے میں ایک عجیب مناسبت یہ ہے کہ جس طرح ستارے آسمان کی زینت ہیں، اسی طرح وحی الٰہی سے زمین کو زینت ملتی ہے، اس لئے کہ اگر انبیاء کے ذریعہ یہ علم الٰہی زمین والوں کو نہ ملتا تو زمین اندھیری رات سے بھی زیادہ تاریک ہوتی۔