سورة الذاريات - آیت 50
فَفِرُّوا إِلَى اللَّهِ ۖ إِنِّي لَكُم مِّنْهُ نَذِيرٌ مُّبِينٌ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
پس تم اللہ کی طرف بھاگو میں تمہیں اس کی طرف سے صریح ڈرانے والا ہوں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(20) مشرکین مکہ سے نبی کریم (ﷺ) کی زبانی کہا جا رہا ہے کہ جب دلائل و براہین سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اس کے در کے سوا کوئی در نہیں، اس کی ذات کے سوا کوئی ملجاوماویٰ نہیں، تو اے مشرکین مکہ ! اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ تم اس پر ایمان لے آؤ، اس کی طاعت و بندگی کرو، اس لئے کہ اس کے عذاب سے بچنے کا اس کے سوا کوئی ذریعہ نہیں کہ اس کی بندگی کی جائے اور دیکھو ! میں اس کے عذاب سے تمہیں بہت ہی صراحت کے ساتھ ڈرا رہا ہوں، اگر تم نے اپنی حالت نہیں بدلی تو تم پر بھی کوئی ویسا ہی عذاب نہ نازل ہوجائے جیسا ان قوموں پر نازل ہوا تھا جن کے قصے تم ابھی سن آئے ہو۔