سورة محمد - آیت 6
وَيُدْخِلُهُمُ الْجَنَّةَ عَرَّفَهَا لَهُمْ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور انہیں بہشت میں داخل کریگاجو معلوم کروا دی ہے ان کو۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
اور بالاخر انہیں اس جنت میں پہنچا دیتا ہے جس کی نعمتوں کی تفصیلات اور وہاں کے منازل و مقامات کے اوصاف اس نے قرآن کی بہت سی آیتوں میں اور اس کے رسول (ﷺ) نے بہت سی احادیث میں اس طرح بیان کردیئے ہیں کہ اہل جنت وہاں پہنچتے ہی از خود اپنی اپنی جگہوں کو پہچان لیں گے۔ امام بخاری نے کتاب الرقاق، باب القصاص یوم القیامہ میں ابو سعید خدری (رض) سے روایت کی ہے کہ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے ! اہل جنت اپنی منزل منزلوں تک اپنے دنیاوی گھروں سے بھی زیادہ جلدی اور آسانی کے ساتھ پہنچ جائی گے۔