سورة فصلت - آیت 29

وَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا رَبَّنَا أَرِنَا اللَّذَيْنِ أَضَلَّانَا مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ نَجْعَلْهُمَا تَحْتَ أَقْدَامِنَا لِيَكُونَا مِنَ الْأَسْفَلِينَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور کافر کہیں گے کہ اے ہمارے رب ہمیں جن اور آدمیوں میں سے وہ فریق دکھلا جنہوں نے ہمیں گمراہ کیا تھا کہ ہم ان دونوں کو اپنے پیروں کے نیچے گرائیں کہ وہ سب سے نیچے (ف 1) رہیں

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(19) جہنمی جب آگ میں جل رہے ہوں گے اور کچھ نہ بن پڑے گا، تو اپنے غیظ و غضب کا اظہار ان شیاطین جن و انس کے خلاف کریں گے جو دنیا میں کفر و معاصی کو ان کی نگاہوں میں خوبصورت بنا کر پیش کرتے تھے، کہیں گے کہ اے ہمارے رب ! جو شیاطین انس و جن ہمیں دنیا میں بہکاتے رہے تھے، ذرا انہیں ہمارے سامنے کر دے تاکہ ہم انہیں اپنے قدموں سے روند ڈالیں، اور انہیں جہنم کی آخری کھائی میں پہنچا دے، تاکہ انہیں ہم اپنے آپ سے بدترین حال میں دیکھ کر اپنے دل کے پھپھولے پھوڑلیں۔