سورة فصلت - آیت 17
وَأَمَّا ثَمُودُ فَهَدَيْنَاهُمْ فَاسْتَحَبُّوا الْعَمَىٰ عَلَى الْهُدَىٰ فَأَخَذَتْهُمْ صَاعِقَةُ الْعَذَابِ الْهُونِ بِمَا كَانُوا يَكْسِبُونَ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اور وہ ثمود تھے انہیں ہم نے ہدایت کی سو انہوں نے ہدایت پر اندھا رہنا پسند کیا ۔ پھر انہیں ان کی بداعمالیوں کے سبب جو وہ کرتے (ف 1) تھے ذلت کے عذاب کی کڑکوں نے آپکڑا
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(13) قوم ثمود کی ہدایت کے لئے بھی اللہ تعالیٰ نے راہ نجات کو روشن کردیا۔ صالح (علیہ السلام) کو نبی بنا کر ان کے پاس بھیجا، بہت سی نشانیوں کے ذریعہ حق کو واضح کیا اور اپنی شریعت نازل کر کے اس پر عمل کرنے کا حکم دیا ان ساری باتوں کاتقاضا تھا کہ وہ اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لے آتے، لیکن انہوں نے ایمان پر کفر کو اور طاعت و بندگی پر معصیت و سرکشی کو ترجیح دی، تو اللہ نے ان کے کرتوتوں کی وجہ سے ایک رسوا کن عذاب کے ذریعہ انہیں ہلاک کردیا