سورة فصلت - آیت 13
فَإِنْ أَعْرَضُوا فَقُلْ أَنذَرْتُكُمْ صَاعِقَةً مِّثْلَ صَاعِقَةِ عَادٍ وَثَمُودَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
پھر اگر وہ (اہل مکہ) منہ موڑیں تو کہہ میں تمہیں ایک کڑک سے ڈراتا ہوں جیسے عاد ثمود کی کڑک تھی۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(9) مذکورہ بالا تفصیلات کے بعد جو اللہ تعالیٰ کی قدرت، علم اور حکمت پر دلالت کرتی ہیں اور جو اللہ کی وحدانیت اور بعث بعد الموت پر ایمان لانے کی دعوت دیتی ہیں، نبی کریم (ﷺ) سے کہا گیا ہے کہ اگر اب بھی کفار قریش دائرہ اسلام میں داخل ہونے سے اعراض کرتے ہیں تو آپ انہیں کھلم کھلا ایسے عذاب کی دھمکی دے دیجیے جس طرح کا عذاب قوم عاد اور قوم ثمود پر نازل ہوا تھا اور جس نے انہیں اور ان کی تمام چیزوں کو یکسر ہلاک کردیا تھا۔