سورة غافر - آیت 47
وَإِذْ يَتَحَاجُّونَ فِي النَّارِ فَيَقُولُ الضُّعَفَاءُ لِلَّذِينَ اسْتَكْبَرُوا إِنَّا كُنَّا لَكُمْ تَبَعًا فَهَلْ أَنتُم مُّغْنُونَ عَنَّا نَصِيبًا مِّنَ النَّارِ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اور جب وہ آگ میں آپس میں جھگڑا کریں گے ۔ تو ناتوان لوگ سرکشوں سے کہیں گے کہ ہم تمہارے تابع تھے ۔ پھر کیا تم ہم سے ایک حصہ آگ کا دفع کرسکتے ہو ؟
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(25) نبی کریم (ﷺ) سے کہا گیا ہے کہ وہ کیسا وقت ہوگا جب جہنمی جہنم میں آپس میں جھگڑیں گے اور دنیا میں ان میں سے جو لوگ کمزورتھے اور طاقت و ثروت والے کافروں کے ڈر سے ان کے پیچھے پیچھے چلتے تھے، ان سے کہیں گے کہ دنیا میں تم نے ہمیں اپنی پیروی کرنے پر مجبور کر رکھا تھا اور تمہیں اپنی قیادت و سیادت پر بڑا ناز تھا تو کیا آج عذاب نار کو ہم سے ہلکا کرسکو گے، کیا آج کچھ بھی ہمارے کام آؤ گے؟