سورة يس - آیت 18
قَالُوا إِنَّا تَطَيَّرْنَا بِكُمْ ۖ لَئِن لَّمْ تَنتَهُوا لَنَرْجُمَنَّكُمْ وَلَيَمَسَّنَّكُم مِّنَّا عَذَابٌ أَلِيمٌ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
وہ بولے ہم نے تو تمہیں نامبارک پایا اگر تم باز نہ آؤ گے ، تو ہم تمہیں ضرور سنگسار کردیں گے اور ہم سے تمہیں ضرور درد ناک عذاب پہنچے گا۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
10 -کافروں نے رسولوں کی یہ بات سن کر کہا کہ ہم تو تمہاری آمد کو اپنے لئے بدشگونی سمجھ رہے ہیں جب سے تم لوگوں نے اس شہر میں قدم رکھا ہے بارش رک گئی ہے، مفسرین لکھتے ہیں کہ وہ تینوں رسول انہیں دس سال تک اللہ کے دین کی طرف بلاتے رہے، لیکن حق کی طرف مائل ہونے کے بجائے ان کا کبر و غرور بڑھتا گیا، اور ایک دن بستی والوں نے رسولوں سے کہا کہ اگر تم اپنی دعوت سے باز نہ آئے اور اپنی تحریک بند نہیں کی تو ہم لوگ تمہیں سنگسار کردیں گے اور تمہیں بہت ہی سخت سزا دیں گے۔