سورة سبأ - آیت 6

وَيَرَى الَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ الَّذِي أُنزِلَ إِلَيْكَ مِن رَّبِّكَ هُوَ الْحَقَّ وَيَهْدِي إِلَىٰ صِرَاطِ الْعَزِيزِ الْحَمِيدِ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جنہیں علم دیا ہے وہ جانتے ہیں کہ جو کچھ تیرے رب کی طرف سے تجھ پر اتارا گیا ہے وہی حق ہے اور وہ اس زبردست خوبیوں والے کی راہ دکھلاتا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

5 -مشرکین مکہ تو اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں لیکن اہل کتاب کے علماء جیسے عبد اللہ بن سلام اور ان کے دیگر مومن رفقاء یقین رکھتے ہیں کہ قرآن کریم اللہ کی برحق کتاب ہے، کیونکہ تورات میں آخرت، بعث بعد الموت، تقدیر اور لوح محفوظ میں بندوں کے اعمال مدون کئے جانے سے متعلق جو خبریں بیان کی گئی ہیں وہی قرآن کریم میں بھی موجود ہیں اس لئے جب وہ قرآن کی آیتیں سنتے ہیں تو ان کا یقین بڑھ جاتا ہے کہ یہ بھی اللہ کی ہی کتاب ہے، جو اس کے دین و شریعت کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔