سورة الأحزاب - آیت 31

وَمَن يَقْنُتْ مِنكُنَّ لِلَّهِ وَرَسُولِهِ وَتَعْمَلْ صَالِحًا نُّؤْتِهَا أَجْرَهَا مَرَّتَيْنِ وَأَعْتَدْنَا لَهَا رِزْقًا كَرِيمًا

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور جو کوئی تم میں سے اللہ اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی اطاعت اور نیک عمل کرے گی ۔ ہم اس کو اس کا دونا اجردیں گے اور اس کے لئے ہم نے عزت کی روزی تیار کی ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(26) اللہ تعالیٰ نے امہات المومنین میں سے نیک، صالح اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرنے والیوں کو خوشخبری دی ہے کہ اللہ انہیں دوہرا اجر دے گا، ایک تو طاعت و تقویٰ کی زندگی اختیار کرنے پر، اور دوسرا نبی کریم (ﷺ) کو خوش رکھنے اور ان کے ساتھ حسن اخلاق اور اچھے برتاؤ پر اور یہ بھی خوشخبری دی ہے کہ دوہرے اجر کے علاوہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں عمدہ ترین روزی دے گا، مفسرین لکھتے ہیں کہ اس آیت میں امہات المومنین کو جنت کی بشارت دی گئی ہے۔