سورة الروم - آیت 23
وَمِنْ آيَاتِهِ مَنَامُكُم بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَابْتِغَاؤُكُم مِّن فَضْلِهِ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يَسْمَعُونَ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور اس کی نشانیوں میں سے تمہارا رات اور دن کا سونا اور تمہارا اس کے فضل (روزی) کو تلاش کرنا ہے بےشک اس میں ان لوگوں کے لئے جو سنتے ہیں نشانیاں ہیں۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(13) اللہ تعالیٰ کے بعث بعد الموت پر قادر ہونے کی یہ بھی دلیل ہے کہ لوگ رات میں یا دن کے وقت آرام کرنے کے لئے سو جاتے ہیں اور پھر اٹھ بیٹھتے ہیں تاکہ حصول رزق کے لئے کوشش کریں، آدمی کا سو جانا موت کی ہی ایک قسم ہے اور پھر اللہ کی قدرت و مشیت سے جاگ جانا موت کے بعد زندہ ہونے کے مترادف ہے یقیناً اس میں غور و فکر کرنیوالوں اور حق کی آواز پر کان دھرنے والوں کے لئے کئی نشانیاں ہیں جو انہیں آخرت اور جزا و سزا پر ایمان لانے کی دعوت دیتی ہیں۔