سورة القصص - آیت 75

وَنَزَعْنَا مِن كُلِّ أُمَّةٍ شَهِيدًا فَقُلْنَا هَاتُوا بُرْهَانَكُمْ فَعَلِمُوا أَنَّ الْحَقَّ لِلَّهِ وَضَلَّ عَنْهُم مَّا كَانُوا يَفْتَرُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور ہر امت میں سے ایک گواہ کھینچ لیں گے ۔ پھر کہیں گے کہ اپنی سند (ف 1) لاؤ۔ تب کہیں گے کہ حق بجانب خدا ہے ۔ اور جو باتیں وہ جوڑتے تھے ۔ اس سے گم ہوجائیں گی۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(39) ہر امت کے نبی کو اللہ قیامت کے دن ان کے سامنے لائے گا جوگواہی دے گا کہ اس نے اللہ کا پیغام ان تک پہنچا دیا تھا تب اللہ تعالیٰ مشرکوں سے کہے گا کہ تم جو میرے سوا غیروں کی پرستش کرتے تھے اور انہیں پکارتے تھے تو تمہارے پاس اس کی کیا دلیل تھی؟ تو وہ لاجواب ہوجائیں گے اور انہیں معلوم ہوجائے گا کہ بندگی تو صرف اللہ کا حق ہے اور یہ اعتقاد کہ اللہ کے کچھ شریک ہیں جواسی کی طرح بندگی کے حق دار ہیں جھوٹ اور اللہ کے خلاف افترپردازی ہے۔