سورة القصص - آیت 64

وَقِيلَ ادْعُوا شُرَكَاءَكُمْ فَدَعَوْهُمْ فَلَمْ يَسْتَجِيبُوا لَهُمْ وَرَأَوُا الْعَذَابَ ۚ لَوْ أَنَّهُمْ كَانُوا يَهْتَدُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور کہا جائے گا کہ تم اپنے شریکوں کو بلاؤ۔ پھر وہ بلائیں گے تو ان کو جواب نہ دیں گے ۔ اور عذاب دیکھیں گے ۔ کاش وہ راہ پر ہوتے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(32) مشرکین سے اللہ تعالیٰ دوبارہ کہے گا کہ بلاؤ اپنے معبودان باطلہ کو تاکہ وہ ذلت ورسوائی والے عذاب سے تمہیں بچالیں تو وہ اللہ کے حکم کے مطابق انہیں پکاریں گے لیکن وہ ان کی پکار کا جواب نہیں دیں گے اس لیے انس وجن کا کوئی فرداس دن ایسی بات کی جرات نہ کرسکے گا اور جب جہنم کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے اور انہیں یقین ہوجائے گا کہ یہی ان کاٹھکانہ ہے تو اس وقت ان کا غم وافسوس انتہا کو پہنچ جائے گا اور کہیں گے اے کاش ہم نے دنیا میں اللہ کی بھیجی ہوئی ہدایت قبول کرلی ہوتی۔