سورة الفرقان - آیت 54
وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ مِنَ الْمَاءِ بَشَرًا فَجَعَلَهُ نَسَبًا وَصِهْرًا ۗ وَكَانَ رَبُّكَ قَدِيرًا
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
اور وہی ہے جس نے پانی (نطفہ) سے آدمی بنایا ۔ پھر اس کے لئے نسب (یعنی جد) اور دامادی کا رشتہ (یعنی) سسرال بنایا اور تیرا رب قادر ہے۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
24۔ اس کے خالق و رب اور یکتا و بے ہمتا ہونے کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ اس نے انسان کو ایک حقیر نطفہ سے پیدا کیا ہے، پھر وہ پل بڑھ کر بڑا ہوتا ہے اور ان میں سے کوئی مذکر اور کوئی مونث ہوتا ہے، اور ان سب کی نسبت اپنے باپ دادا کی طرف ہوتی ہے اور جب شادی کرتا ہے، تو بیوی کی طرف سے اس کے بہت سارے رشتہ دار ہوجاتے ہیں۔ کنبے کا یہ سارا پھیلاؤ ایک قطرہ منی سے وجود میں آتا ہے۔ یہ سب اللہ تعالیٰ کی قدرت کی کرشمہ سازیاں ہیں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آیت 54 کے آخر میں فرمایا ﴿وَكَانَ رَبُّكَ قَدِيرًا﴾آپ کا رب ہر چیز پر قادر ہے۔