سورة الفرقان - آیت 41

وَإِذَا رَأَوْكَ إِن يَتَّخِذُونَكَ إِلَّا هُزُوًا أَهَٰذَا الَّذِي بَعَثَ اللَّهُ رَسُولًا

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جب (اے محمد ﷺ) تجھے دیکھتے ہیں تو سوائے ٹھٹھے کے تجھ سے اور کچھ مطلب نہیں رکھتے کیا یہی شخص ہے جسے اللہ نے رسول بنا کر بھیجا ہے۔( ف 2)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

19۔ مشرکین مکہ جب رسول اللہ (ﷺ) کو کسی مجلس میں یا راہ چلتے دیکھتے، تو آپ (ﷺ) کی طرف اشارہ کر کے آپس میں نہایت حقارت آمیز انداز میں کہتے کہ یہی ہے وہ جسے اللہ نے اپنا رسول بنا کر بھیجا ہے، یعنی اس کے علاوہ اور کسی پر اللہ کی نظر نہیں پڑی تھی، ہم تو بچ ہی گئے کہ اس کے جھانسے میں نہیں آئے اور اپنے دین پر قائم رہے، ورنہ ہمیں ہمارے معبودوں کی عبادت سے روک ہی دیتا