سورة المؤمنون - آیت 2

الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَاشِعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

جو اپنی نماز میں عاجزی کرتے ہیں ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

پہلی صفت یہ ہے کہ وہ مومنین اپنی نمازوں میں خشوع اختیار کرتے ہیں، یعنی سکون و اطمینان کے ساتھ نماز پڑھتے ہیں، ادھر ادھر نہیں جھانکتے ہیں ان کے دلوں پر رقت طاری ہوتی ہے اور بسا اوقات اللہ کے خوف سے ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوتا ہے، نماز میں خشوع کی اسی اہمیت کے پیش نظر بعض علماء نے اسے فرض قرار دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ طہ آیت (14) میں فرمایا ہے : ﴿وَأَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي ﴾ میرے نبی ! مجھے یاد کرنے کے لیے نماز قائم کیجیے۔ اس لیے اگر کوئی شخص نماز میں خشوع نہیں اختیار کرتا ہے بلکہ اس کا دل غافل رہتا ہے تو اس نے نماز کی غرض و غایت پوری نہیں کی۔