وَمِنَ الشَّيَاطِينِ مَن يَغُوصُونَ لَهُ وَيَعْمَلُونَ عَمَلًا دُونَ ذَٰلِكَ ۖ وَكُنَّا لَهُمْ حَافِظِينَ
اور شیطانوں میں سے جو اس کے لئے دریا میں غوطہ لگاتے اور اس کے سوا اور کام بھی کرتے تھے ، اور ہم ان کے نگہبان تھے (کہ شرارت نہ کریں)۔
اور اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے جنوں کو بھی مسخر کردیا تھا، جو سمندر میں غوطے لگا کر ان کے لیے قیمتی موتی اور جواہر نکالتے تھے، اور دوسرے کام بھی ان کے حکم سے کرتے تھے، عمارتیں، مجسمے، قلعے اور کشتیاں وغیرہ بناتے تھے۔ سورۃ سبا آیت (١٣) میں اللہ نے فرمایا ہے : ﴿ يَعْمَلُونَ لَهُ مَا يَشَاءُ مِنْ مَحَارِيبَ وَتَمَاثِيلَ وَجِفَانٍ كَالْجَوَابِ﴾ جو کچھ سلیمان چاہتے وہ جنات تیار کردیتے مثلا قلعے، اور مجسمے اور حوضوں کے برابر لگن۔ اور اللہ تعالیٰ کا ان پر خاص کرم یہ تھا کہ وہ ان تمام چیزوں کی حفاظت کرتا تھا تاکہ کوئی شیطان بنانے کے بعد انہیں بگاڑ نہ دے۔