سورة طه - آیت 131

وَلَا تَمُدَّنَّ عَيْنَيْكَ إِلَىٰ مَا مَتَّعْنَا بِهِ أَزْوَاجًا مِّنْهُمْ زَهْرَةَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا لِنَفْتِنَهُمْ فِيهِ ۚ وَرِزْقُ رَبِّكَ خَيْرٌ وَأَبْقَىٰ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور حیات دنیا کی آرائش کے سامان میں سے جو ہم نے ان میں سے بعض کو طرح طرح کے فوائد دیئے ہیں تو انکی طرف اپنی آنکھیں نہ پسار ، کہ اس میں ان کی آزمائش ہے اور تیرے رب کا رزق بہتر اور پائیدار ہے ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

٥٩۔ اہل کفر و شرک کو دنیا کی زندگی میں آرام و آسائش کے جو اسباب دیئے گئے ہیں وہ دینی اعتبار سے کوئی اچھی چیز نہیں ہے، بلکہ ان کے لیے آزمائش اور فتنہ کا باعث ہیں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے نبی کریم کو ان کی خواہش کرنے سے منع فرمایا اور بتایا کہ آپ کا رب نیک عمل کرنے والوں کو آخرت میں جو اجر و ثواب دے گا وہ بہت ہی بہتر اور دائمی ہوگا۔ ایک دوسرا معنی یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ اللہ نے آپ کو جس منصب رسالت پر فائزہ کیا ہے اور جو آخری دین، دین اسلام دے کر بھیجا ہے وہ ان دنیاوی نعمتوں سے کہیں زیادہ بہتر اور ہمیشہ باقی رہنے والا ہے جو مشرکین کو دیا گیا ہے دونوں کے درمیان دور کی بھی مناسبت نہیں ہے، اس لیے کہ دین اسلام دنیا و آخرت کی نیک بختی کا ذریعہ ہے، اور انہیں جو چیز ملی ہے وہ کچھ ہی دنوں کے بعد ختم ہوجانے والی ہے۔ بزار، ابو یعلی، اور ابن ابی شعیبہ وغیرہم نے ابو رافع سے روایت کی ہے اور علامہ البانی نے صحیح الجامع الصغیر میں ذکر کیا ہے کہ ایک دن رسول اللہ کے پاس ایک مہمان آیا، آپ کے گھر میں کوئی چیز نہیں تھی، تو آپ نے مجھے ایک یہودی کے پاس بھیجا کہ وہ ماہ رجب کا چاند نکلنے تک کے وعدے پر آٹا ادھار دے دے، اس نے رہن کا مطالبہ کیا، واپس آکر میں نے آپ کو خبر دی تو آپ نے فرمایا، اللہ کی قسم ! میں آسمان میں امین ہوں اور زمین میں بھی، اگر وہ مجھے ادھار دے دیتا تو میں ضرور اس کے پیسے ادا کردیتا، میرا لوہے کا زرہ لے کر اسے دے دو، میں ابھی وہاں سے واپس بھی نہ ہوا تھا کہ یہ آیت نازل ہوئی، جس میں آپ کو دنیا کی لالچ نہ کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔