سورة الكهف - آیت 74

فَانطَلَقَا حَتَّىٰ إِذَا لَقِيَا غُلَامًا فَقَتَلَهُ قَالَ أَقَتَلْتَ نَفْسًا زَكِيَّةً بِغَيْرِ نَفْسٍ لَّقَدْ جِئْتَ شَيْئًا نُّكْرًا

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

پھر دونوں چلے ، تاآنکہ ایک لڑکے سے دونوں ملے خضر (علیہ السلام) نے اسے مار ڈالا ، موسیٰ (علیہ السلام) نے کہا کیا تونے ایک پاک جان کو بغیر کسی جان کے بدلے مار ڈالا ؟ یہ تو تونے ناپسند کام کیا ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(45) کشتی کا سفر طے کرنے کے بعد دونوں خشکی کے راستہ پر چل پڑے، ایک جگہ کچھ لڑکے کھیل رہے تھے، خضر نے ان میں سے ایک کو جو ان کے علم کے مطابق کافر تھا، الگ کر زمین پر لٹا دیا اور چھری سے ذبح کردیا۔ مسلم ابو داؤد اور ترمذی نے ابی بن کعب سے روایت کی ہے کہ نبی کریم نے فرمایا : جس لڑکے کو خضر نے قتل کیا تھا وہ پیدائشی کافر تھا، بالغ ہو کر اپنے والدین کو بھی کفر پر مجبور کرتا، موسیٰ (علیہ السلام) سے برداشت نہیں ہوا اور ان کے اس فعل پر نکیر کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک بے گناہ آدمی کو قتل کردیا جس نے کسی کو قتل نہیں کیا تھا، یہ تو آپ نے کشتی میں سوراخ کرنے سے بھی زیادہ برا کام کیا ہے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ موسیٰ (علیہ السلام) شدت تاثر کی وجہ سے یہ سوچنا بھول گئے کہ خضر نے کسی ایسے سبب کی بنا پر اس کا قتل کرنا حلال سمجھا ہے جو انہیں معلوم نہیں ہے۔