سورة الكهف - آیت 59
وَتِلْكَ الْقُرَىٰ أَهْلَكْنَاهُمْ لَمَّا ظَلَمُوا وَجَعَلْنَا لِمَهْلِكِهِم مَّوْعِدًا
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اور یہ بستیاں (سدوم وغیرہ کی) ہیں جنہیں ہم نے ہلاک کیا جب وہ ظالم ہوگئی تھیں اور ہم نے ان کی ہلاکت کا وقت مقرر کیا تھا ،
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(36) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے عاد و ثمود اور انہی جیسی دیگر نافرمان قوموں کی ہلاکت کا سبب بیان کیا ہے کہ انہیں ان کے کفر و طغیان کی وجہ سے ہلاک کیا گیا تھا اور کفار قریش کو تنبیہ کی ہے کہ ان قوموں کی ہلاکت کا ایک وقت مقرر تھا جب وہ وقت آگیا تو عذاب نے انہیں آدبوچا اور کوئی انہیں نہ بچا سکا۔ اس لیے تم بھی عذاب میں تاخری ہونے کی وجہ سے دھوکہ میں نہ پڑو اور یہ نہ سمجھو کہ تم سے عذاب الہی ٹل گیا، اس کا تو ایک وقت مقرر ہے جب وہ وقت آجائے گا تو دنیا کی کوئی طاقت تمہیں اس عذاب سے نہ بچا سکے گی۔