أَقِمِ الصَّلَاةَ لِدُلُوكِ الشَّمْسِ إِلَىٰ غَسَقِ اللَّيْلِ وَقُرْآنَ الْفَجْرِ ۖ إِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُودًا
سورج ڈھلنے کے وقت سے رات کے اندھیرے تک نماز پڑھا کر ، اور قرآن فجر کو (پڑھا کر) بےشک فجر کا قرآن مشہود ہے۔ (ف ٢)
(47) روز قیامت اس دن کے جزا و سزا اور مشرکین عرب کی بعض سازشوں کو بیان کرنے کے بعد اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو نماز قائم کرنے کا حکم دیا ہے جو سب سے اہم عبادت ہے اور اللہ تعالیٰ سے مدد مانگنے کا سب سے بہتر طریقہ ہے، جیسا کہ اللہ نے سورۃ البقرہ آیت (45) میں فرمایا ہے : İوَاسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِĬ کہ اے مسلمانو ! تم لوگ صبر اور نماز کے ذریعہ اللہ سے مدد مانگو، مفسرین کا اجماع ہے کہ اس سے مراد نماز پنجگانہ ہے جس کی ادائیگی ان کے محدود اوقات میں فرض ہے۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ اور اکثر مفسرین کی رائے ہے کہ İدُلُوكِ الشَّمْسِĬ کا معنی زوال آفتاب ہے جو ظہر اور عصر کی نماز پر دلالت کرتا ہے۔ اور İغَسَقِ اللَّيْلِĬ سے مراد رات کی تاریکی ہے جو مغرب اور عشا کے درمیان مشترک ہے۔ اور İقُرْآنَ الْفَجْرِĬ سے مراد نماز فجر ہے۔ حافظ ابن کثیر کہتے ہیں کہ نبی کریم (ﷺ) کی متواتر قولی اور فعلی سنتوں کے ذریعہ ان اوقات کی تفصیل بیان کی جاچکی ہے، اور ابتدائے اسلام سے آج تک امت اس پر عمل پیرا ہے۔ مفسر ابو السعود لکھتے ہیں کہ جبریل (علیہ السلام) نے ہر نماز کا وقت بیان کردیا اور نبی کریم (ﷺ) نے ہر نماز کی تعداد رکعات بیان فرما دی۔ ابن سیرین، ابن المنذر، اور کچھ دیگر ائمہ کرام نے اسی آیت سے استدلال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی کبھار بغیر خوف و بیماری اور بغیر بارش کے ظہر و عصر اور مغرب و عشا کو جمع کر کے پڑھنا جائز ہے۔ بخاری و مسلم نے ابن عباس سے روایت کی ہے کہ نبی کریم (ﷺ) نے مدینہ میں سات آٹھ دن تک ظہر و عصر اور مغرب و عشا کی نمازیں جمع کر کے پڑھیں۔ اور مسلم کی ایک روایت میں ہے کہ ایسا آپ نے بغیر خوف اور بغیر سفر کے کیا، لیکن بہت سے راویوں نے آپ کے اس فعل کو برسات کی رات پر محمول کیا ہے۔ واللہ اعلم۔ İإِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُودًاĬ سے مراد فجر کی نماز کا وقت ہے جب رات اور دن کے فرشتے جمع ہوجاتے ہیں، بخاری شریف کی ابو ہریرہ سے مروی حدیث سے یہ ثابت ہے اور جمہور مفسرین کی یہی رائے ہے۔