سورة الإسراء - آیت 45

وَإِذَا قَرَأْتَ الْقُرْآنَ جَعَلْنَا بَيْنَكَ وَبَيْنَ الَّذِينَ لَا يُؤْمِنُونَ بِالْآخِرَةِ حِجَابًا مَّسْتُورًا

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اور جب تو قرآن پڑھتا ہے تو ہم تیرے اور ان کے درمیان جو آخرت پر یقین نہیں رکھتے ایک پوشیدہ پردہ ڈال دیتے ہیں۔ (ف ٤)

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(30) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے خبر دی ہے کہ نبی کریم (ﷺ) جب قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں تو جو مشرکین روز قیامت پر ایمان نہیں رکھتے ہیں اس سے کچھ بھی فائدہ حاصل نہیں کرتے ہیں، ان کے کفر و تمرد اور قرآن سے تغافل کی وجہ سے اللہ تعالیٰ رسول اللہ (ﷺ) اور ان کے درمیان ایک پردہ حائل کردیتا ہے، جس کی وجہ سے وہ رسول اللہ (ﷺ) کو نہیں دیکھ پاتے ہیں۔ حافظ سیوطی نے لکھا ہے کہ یہ آیت ان مشرکین کے بارے میں نازل ہوئی تھی، جو رسول اللہ (ﷺ) کو قتل کرنا چاہتے تھے، جیسے ابوجہل اور بو لہب کی بیوی ام جمیل وغیرہ اور یہاں قرآن سے مراد یا تو مطلق قرآن ہے، یا سورۃ النحل، الکہف اور الجاثیہ کی مشہور تین آیتیں۔ İأُولَئِكَ الَّذِينَ طَبَعَ اللَّهُ عَلَى قُلُوبِهِمْĬ النحل : 108، İجَعَلْنَا عَلَى قُلُوبِهِمْ أَكِنَّةً أَنْ يَفْقَهُوهُĬ الکہف : 57۔ İأَفَرَأَيْتَ مَنِ اتَّخَذَ إِلَهَهُ هَوَاهُ وَأَضَلَّهُ اللَّهُ عَلَى عِلْمٍĬ۔ الجاثیہ : 23۔ خطیب نے لکھا ہے کہ ان آیتوں کی برکت سے اللہ تعالیٰ نبی کریم (ﷺ) کو مشرکین کی نگاہوں سے اوجھل کردیتا تھا، قرطبی نے ان آیتوں کے ساتھ سورۃ یسین کی ابتدائی آیتوں کاİفَهُمْ لَا يُبْصِرُونَĬ تک اضافہ کیا ہے، اس لیے کہ روایات سے ثابت ہے کہ ہجرت کی رات اپنے گھر سے نکلتے وقت آپ انہی آیتوں کی تلاوت کرتے رہے اور دشمنوں کے سروں پر مٹی ڈالتے ہوئے نکل گئے اور کسی نے آپ کو نہیں دیکھا۔