سورة الحجر - آیت 20
وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيهَا مَعَايِشَ وَمَن لَّسْتُمْ لَهُ بِرَازِقِينَ
ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
اور تمہارے لئے اس میں روزیاں پیدا کیں اور ان کی بھی جن کے تم روزی دینے والے نہیں ۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(13) اور انسانوں کے کھانے پینے، پہننے کی چیزیں اور دیگر جتنی ضروریات زندگی ہوسکتی ہیں ان سب کو زمین پر مہیا کیا، اور جانوروں چوپایوں اور دیگر تمام مخلوقات کے لیے روزی فراہم کیا، اور اپنی قدرت و خالقیت پر استدلال کرتے ہوئے فرمایا کہ اس کے پاس ہر چیز کا خزانہ ہے، وہ جب چاہے اور جتنا چاہے ظاہر کردے، لیکن وہ آسمان سے زمین پر اپنے بندوں کے لیے اتنا ہی اتارتا ہے جس کا اس کی مشیت تقاضا کرتی ہے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ الشوری آیت (27) میں فرمایا ہے : کہ اگر اللہ اپنے بندوں کے لیے روزی کو خوب کشادہ کردیتا، تو وہ زمین پر سرکشی کرنے لگتے، لیکن اپنی مشیت کے مطبق جتنی چاہتا ہے اتنی دیتا ہے۔