سورة یوسف - آیت 1
الر ۚ تِلْكَ آيَاتُ الْكِتَابِ الْمُبِينِ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
الر ، یہ واضح کتاب کی آیتیں ہیں ۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(١) حروف مقطعات کے بارے میں کہا جاچکا ہے کہ ان کا مقصود اصلی صرف اللہ جانتا ہے، اس بارے میں ایک قول یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ قرآن انہیں حرف سے مرکب ہے جن سے انسان کا کلام مرکب ہوتا ہے، لیکن اہل عرب میں سے کوئی بھی ایسا کلام نہ لاسکا، یہ اس بات کی قطعی دلیل ہے کہ قرآن اللہ کا کلام ہے۔ İکتاب مبینĬ سے مراد قرآن کریم ہے، یہ اللہ کی وہ کتاب ہے جو حلال و حرام، شریعت کے حدود، اور ان تمام امور کو بیان کرتی ہے جو بنی نوع انسان کو زندگی میں پیش آتے ہیں۔