سورة ھود - آیت 65
فَعَقَرُوهَا فَقَالَ تَمَتَّعُوا فِي دَارِكُمْ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ ۖ ذَٰلِكَ وَعْدٌ غَيْرُ مَكْذُوبٍ
ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی
پھر انہوں نے اس کے پیر کاٹ ڈالے ، تب صالح (علیہ السلام) نے کہا تین دن اپنے گھروں میں فائدہ اٹھا لو ، یہ وعدہ جھوٹا نہ ہوگا ۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(52) لیکن ان بدبختوں نے ان کی ایک نہ سنی، اور اس اونٹنی کو قتل کردیا، اور ان کی سرکشی انتہا کو پہنچ گئی، تو صالح (علیہ السلام) نے اللہ کے حکم سے ان سے کہا کہ اب تم لوگ تین دن تک اپنے گھروں میں رہ کر اپنے انجام کا انتظار کرو، یہ اللہ تعالیٰ کا قطعی اور حتمی فیصلہ ہے، انہوں نے اونٹنی کو بدھ کے قتل کیا تھا، اس کے بعد (جمعرات، جمعہ اور ہفتہ) تین دن تک زندہ رہے، اتوار کے دن صبح کے وقت اللہ کا عذاب ان پر نازل ہوگیا۔