سورة ھود - آیت 56

إِنِّي تَوَكَّلْتُ عَلَى اللَّهِ رَبِّي وَرَبِّكُم ۚ مَّا مِن دَابَّةٍ إِلَّا هُوَ آخِذٌ بِنَاصِيَتِهَا ۚ إِنَّ رَبِّي عَلَىٰ صِرَاطٍ مُّسْتَقِيمٍ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

میں نے اللہ پر جو میرا اور تمہارا رب ہے بھروسا کیا ، کوئی چلنے والا نہیں ہے ، جس کی چوٹی اللہ کے ہاتھ میں نہ ہو ، ضرور میرا رب راہ راست پر ہے (ف ١) ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(43) انہوں نے اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ میں نے تو اس اللہ پر بھروسہ کرلیا ہے جو میرا اور تمہارا رب ہے، اس لیے تم مجھے کوئی تکلیف نہیں پہنچا سکو گے، زمین پر پائے جانے والے ہر ذی روح کا وہی مالک ہے، وہ ہر ایک پر قدرت رکھتا ہے، جس طرح چاہتا ہے ان میں تصرف کرتا ہے، اور میرا رب اپنے ملک و سلطنت میں بڑے عدل و انصاف کے ساتھ تصرف کرتا ہے، اور میں نے اسی کی جناب میں پناہ لے لی ہے، اور وہ ظلم کو گوارہ نہیں کرتا ہے، اور تم ظالم ہو، اس لیے وہ تمہیں مجھ پر غالب نہیں ہونے دے گا۔