سورة البقرة - آیت 139

قُلْ أَتُحَاجُّونَنَا فِي اللَّهِ وَهُوَ رَبُّنَا وَرَبُّكُمْ وَلَنَا أَعْمَالُنَا وَلَكُمْ أَعْمَالُكُمْ وَنَحْنُ لَهُ مُخْلِصُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

تو کہہ کیا تم ہم لوگوں سے خدا کی بابت جھگڑتے ہو اور وہی ہمارا رب ہے ، ہمارے اعمال ہمارے لئے اور تمہارے اعمال تمہارے لئے ، اور ہم اسی کے لئے خالص ہیں ، (ف ١) ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

202: اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کو تعلیم دی ہے کہ مشرکینِ اہل کتاب آپ سے اللہ کے بارے میں جھگڑتے ہیں، تو جھگڑا ختم کرتے ہوئے کہیے کہ تم کیسے لوگ ہو جو اللہ کی توحید و اخلاص اور اس کے اوامر و نواہی پر عمل کرنے میں مجھ سے جھگڑتے ہو، حالانکہ وہ ہمارا اور تمہارا سب کا رب ہے۔ اس کے بعد اللہ نے آپ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کو تعلیم دی کہ آپ ان سے براءت کا اعلان کردیں، اور کہ دیں کہ اگر تم شرک پر جمے رہے تو ہم ایک دوسرے سے بری ہیں، اور ہم تو اپنی عبادت اور تعلق باللہ میں مخلص ہیں۔