سورة یونس - آیت 97

وَلَوْ جَاءَتْهُمْ كُلُّ آيَةٍ حَتَّىٰ يَرَوُا الْعَذَابَ الْأَلِيمَ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

اگرچہ ان کے پاس سارے معجزات کیوں نہ آئیں یہاں تک کہ وہ دکھ کا عذاب دیکھیں ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

آیت (97) میں اسی مضمون کی مزید تاکید آئی ہے کہ جن کی تقدیر میں لکھ دیا گیا ہے کہ وہ جہنمی ہوں گے، ان کے سامنے اللہ کی تمام نشانیاں بھی آجائیں گی تو بھی وہ ایمان نہیں لائیں گے، البتہ جب وہ اللہ کا عذاب اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں گے تب ایمان لائیں گے، جیسا کہ فرعون نے جب اپنے آپ کو ڈوبتا دیکھا تو کہا کہ میں موسیٰ و ہارون کے رب پر ایمان لے آیا، تو مشرکین مکہ بھی جب تک اللہ کا عذاب دیکھ نہیں لیں گے ایمان نہیں لائیں گے، لیکن اس وقت کا ایمان ان کے کام نہیں آئے گا۔