سورة یونس - آیت 71

وَاتْلُ عَلَيْهِمْ نَبَأَ نُوحٍ إِذْ قَالَ لِقَوْمِهِ يَا قَوْمِ إِن كَانَ كَبُرَ عَلَيْكُم مَّقَامِي وَتَذْكِيرِي بِآيَاتِ اللَّهِ فَعَلَى اللَّهِ تَوَكَّلْتُ فَأَجْمِعُوا أَمْرَكُمْ وَشُرَكَاءَكُمْ ثُمَّ لَا يَكُنْ أَمْرُكُمْ عَلَيْكُمْ غُمَّةً ثُمَّ اقْضُوا إِلَيَّ وَلَا تُنظِرُونِ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور نوح (علیہ السلام) کا حال انہیں پڑھ کر سنا (ف ١) ، جب اس نے اپنی قوم سے کہا ‘ اے قوم اگر میرا رہنا ، اور خدا کی آیتوں سے نصیحت دنیا تم پر گراں ہے ، تولو ، میں خدا پر تو بخل کرتا ہوں ، تم سب اور تمہارے شریک مل کر اپنا کام مقرر کرو ، پھر تم کو اپنے کام میں شبہ نہ رہے ، پھر مجھے فرصت نہ دو ، اور اپنے اس کام کو میری نسبت پورا کرو (یعنی مارنا چاہتے ہو تو مارو)

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(51) چونکہ مشرکین عرب کا حال کفر و شرک میں قوم نوح جیسا تھا، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو حکم دیا کہ انہیں قوم نوح کا واقعہ سنا دیجیے، جب ان لوگوں نے اپنے کفر و شرک پر اصرار کیا اور نوح (علیہ السلام) کی ہزار کوشش کے باوجود اسلام نہیں لائے تو اللہ نے انہیں طوفان کے حوالے کردیا، تو اے مشرکین عرب ! کہیں کفر و سرکشی اور شرک پر تمہارے اصرار کی وجہ سے تمہارا انجام بھی انہی جیسا نہ ہو، نوح (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا کہ اگر تمہارے ساتھ میرا رہنا، اور دعوت الی اللہ کا کام کرنا تم پر بہت زیادہ گراں ہوگیا ہے تو میں نے بھی اب اپنی طرف سے دفاع کے لیے اللہ پر بھروسہ کرلیا ہے، تم اور تمہارے شرکاء مجھے ہلاک کرنے کی جو چاہو تدبیر کرلو، اور دیکھو ! بالکل کھل کر تدبیر کرو، کوئی کسر نہ اٹھا رکھو، پھر قتل یا شہر بدر کرنے کی جو بھی کوشش کرنی چاہتے ہو کر گزرو، اور مجھے ایک لمحے کی مہلت نہ دو۔ میں نے آج تک تمہیں راہ راست پر لانے کی جتنی بھی کوشش کی اس کا مقصد کوئی دنیاوی حقیر فائدہ حاصل کرنا نہیں تھا، اور نہ میں نے تم سے اس کام کی کبھی کوئی اجرت مانگی ہے، کہ تم لوگ مجھے متہم کرو۔ میرا اجر و ثواب تو مجھے میرا اللہ دے گا، چاہے تم ایمان لاؤ یا انکار کردو، اور مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں ہر حال میں اللہ کا مطیع و فرمانبردار رہوں، جب ان تمام تر کوششوں اور نصیحتوں کے باوجود ان کی قوم نے انہیں جھٹلا دیا، تو اللہ نے انہیں اور ان کے ماننے والوں کو کشتی میں سوار کر کے طوفان سے بچا لیا، جن کی اولاد کے ذریعہ پھر سے دنیا آباد ہوئی، اور اللہ کی آیتوں کو جھٹلانے والے سبھی لوگ ڈبو دیئے گئے۔