سورة التوبہ - آیت 104

أَلَمْ يَعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ هُوَ يَقْبَلُ التَّوْبَةَ عَنْ عِبَادِهِ وَيَأْخُذُ الصَّدَقَاتِ وَأَنَّ اللَّهَ هُوَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ

ترجمہ سراج البیان - مستفاد از ترجمتین شاہ عبدالقادر دھلوی/شاہ رفیع الدین دھلوی

کیا وہ نہیں جانتے کہ اللہ اپنے بندوں کی توبہ قبول کرتا ہے (ف ٣) اور ان کی زکوۃ لیتا ہے ، اور یہ کہ اللہ ہی توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(82) اس آیت کریمہ میں توبہ اور صدقہ کی ترغیب دلائی گئی ہے اس لیے کہ ان کے ذریعہ بندوں کے گناہ مٹتے ہیں، اور اس بات کی خبر دی گئی ہے کہ جو بندہ توبہ کرتا ہے اللہ اس کی توبہ قبول کرتا ہے، اور جو حلال مال کا صدقہ کرتا ہے اللہ تعالیٰ اسے قبول کرتا ہے اور پھر اپنے بندہ کے لیے اسے کئی گنا بڑھاتا ہے، یہاں تک کہ ایک کھجور احد پہاڑ کے مانند ہوجاتی ہے۔