يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ حَسْبُكَ اللَّهُ وَمَنِ اتَّبَعَكَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ
اے نبی ! تجھے اللہ کافی ہے اور جو کوئی مومنین میں سے تیرے تابع ہے سب کو بس ہے ۔
(54) آیت (62) میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو بشارت دی تھی کہ ا گر معاہدہ کے بعد دشمن آپ کو دھوکہ دیں گے تو اللہ آپ کے لیے کافی ہوگا، اس آیت میں اس بشارت کو تمام امور اور تمام حالات کے لیے عام کردیا گیا ہے حافظ ابن القیم رحمہ اللہ نے زادالمعاد کے مقدمہ میں اس آیت کی تفسیر یہ بیان کی ہے کہ اکیلا اللہ آپ کے لیے اور آپ کے پیر وکار مؤمنوں کے لیے کافی ہے اب اللہ کے علاوہ آپ کو کسی کی ضرورت نہیں پڑے گی، آگے لکھا ہے کہ بعض لوگوں نے اس آیت کی تفسیر میں بڑی زبر دست ٹھوکر کھائی ہے اور کہا ہے کہ اللہ اور مؤمنین آپ کے لیے کافی ہیں یہ معنی سراسر غلط ہے، اس لیے کہ توکل تقوی اور عبادت کی طرح (کفایت) بھی اللہ کے ساتھ خاص ہے جہاں تک تائید کا تعلق ہے تو اللہ اپنے نبی کی تائید کبھی خود کرتا ہے اور کبھی مؤمنوں کے ذریعہ کراتا ہے، اسی لیے آیت (62) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہےİفَإِنَّ حَسْبَكَ اللَّهُĬ یعنی آپ کے لیے صرف اللہ کافی ہے۔ اس کے بعد فرمایا İهُوَ الَّذِي أَيَّدَكَ بِنَصْرِهِ وَبِالْمُؤْمِنِينَĬ یعنی اللہ نے آپ کی تائید خود بھی کی اور مؤمنوں کے ذریعہ بھی کرائی اور یہی وجہ ہے کہ اللہ کے جن اہل توحید اور اہل توکل بندوں نے صرف اللہ کو اپنے لیے کافی مانا اللہ نے سورۃ آل عمران کی آیت (173) میں ان کی تعریف کی اور فرمایا İالَّذِينَ قَالَ لَهُمُ النَّاسُ إِنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعُوا لَكُمْ فَاخْشَوْهُمْ فَزَادَهُمْ إِيمَانًا وَقَالُوا حَسْبُنَا اللَّهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُĬوہ لوگ جن سے لوگوں نے کہا کہ کافروں نے تمہارے مقابلے پر لشکر جمع کرلیے ہیں تم ان سے خوف کھاؤ تو اس بات نے ان کا ایمان بڑھادیا اور کہنے لگے ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کار ساز ہے۔ اللہ کے ان نیک بندوں نے حسبنا اللہ روسولہ یعنی اللہ اور اس کا رسول ہمارے لیے کافی ہے نہیں کہا بلکہ یہ کہا کہ صرف اللہ ہمارے لیے کافی ہے۔