سورة الاعراف - آیت 185

أَوَلَمْ يَنظُرُوا فِي مَلَكُوتِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا خَلَقَ اللَّهُ مِن شَيْءٍ وَأَنْ عَسَىٰ أَن يَكُونَ قَدِ اقْتَرَبَ أَجَلُهُمْ ۖ فَبِأَيِّ حَدِيثٍ بَعْدَهُ يُؤْمِنُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

کیا وہ زمین آسمان کی سلطنت میں ‘ اور جو شئے اللہ نے پیدا کی ہے نظر نہیں کرتے ؟ اور نہ اس بارہ میں ، کہ شاید ان کی اجل نزدیک آگئی ہو ، پھر قرآن کے بعد وہ کونسی حدیث پر ایمان لائیں گے ؟

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(115) کفار قریش کو دعوت فکر و نظر دی جا رہی ہے تاکہ اللہ کی وحدانیت اور اس کی خالقیت ومالکیت پر ایمان لے آئیں اور حلقہ بگوش اسلام ہوجائیں انہیں کہا جا رہا ہے کہ وہ شمس وقمر ستاروں اور بادل، سمندر اور پہاڑ، چوپایوں اور دیگر مخلوقات کے بارے میں غور وفکر کیوں نہیں کرتے تاکہ دنیا سے رخصت ہونے سے پہلے ایمان لے آئیں اور آخرت میں سرخروہوں، انہیں قرآن جیسی معجزہ اور جامع کتاب کے بعد کس معجزہ کا انتظار ہے جسے دیکھ کر ایمان لے آئیں گے ؟