سورة الاعراف - آیت 168

وَقَطَّعْنَاهُمْ فِي الْأَرْضِ أُمَمًا ۖ مِّنْهُمُ الصَّالِحُونَ وَمِنْهُمْ دُونَ ذَٰلِكَ ۖ وَبَلَوْنَاهُم بِالْحَسَنَاتِ وَالسَّيِّئَاتِ لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ

ترجمہ سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اور ہم نے یہود کو زمین میں گروہ گروہ کر کے متفرق کردیا ہے ان میں بعض شخص نیکو کار ہیں اور بعض اور طرح کے ہیں ، اور ہم نے انہیں نعمتوں اور مشقتوں میں آزمایا ہے ، شاید وہ پھریں (ف ١) ۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(101) جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کر دنیا میں تتر بتر کردیا، تاکہ قیامت تک انہیں کوئی شان و شوکت نہ حاصل ہو، اور یو نہی ذلیل ورسوا ہو کر دردر کی ٹھوکریں کھاتے پھریں۔ (102) ہر زمانہ میں ان میں کچھ لوگ نیک ہوئے جو اپنے زمانے کے انبیاء پر ایمان لائے، انہی میں وہ لوگ بھی تھے جنہوں نے نبی کریم (ﷺ) کا زمانہ پایا اور مشرف بہ اسلام ہوئے، اور کچھ لوگ ایسے ہوئے جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی اوامر کی مخالفت کی اور ایمان نہیں لائے ان گناہ گاروں کو اللہ تعالیٰ نے مختلف قسم کی آزمائشوں میں ڈالا کبھی ان پر خیرات وبرکات کا دروازہ کھول دیا تو کبھی اتنی تنگدستی میں مبتلا کیا، اور مقصد یہ تھا کہ شاید وہ اپنے گنا ہوں سے تائب ہوں اور ایمان لے آئیں۔